ترجمان بلاول بھٹو زرداری کی اسلام آباد پولیس کی جانب سے تاجروں پر تشدد کی مذمت

اسلام آباد: پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے تاجروں پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب وعدے یاد کروانے والوں کو پولیس کا ڈنڈا دکھا دیتے ہیں، لاٹھی گولی کی سرکار نہ پہلے چل سکی نہ اب چلے گی،ڈاکٹر ہوں کہ تاجر جو بھی پرامن احتجاج کرتا ہے خون میں نہلا دیا جاتا ہے،بھوک اور افلاس سے تنگ لوگ احتجاج نہ کریں تو کدھر جائیں۔بدھ کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے تاجروں پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ اسلام آباد میں اپنے مطالبات کیلئے احتجاج کرنے والے پرامن تاجروں پر پولیس تشدد قابل مذمت ہے، خان صاحب وعدے یاد کروانے والوں کو پولیس کا ڈنڈا دکھا دیتے ہیں، لاٹھی گولی کی سرکار نہ پہلے چل سکی نہ اب چلے گی۔ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خان صاحب نے لوگوں سے روزگار،تاجروں سے کاروبار اور مریضوں سے علاج چھین لیا ہے،ڈاکٹر ہوں کہ تاجر جو بھی پرامن احتجاج کرتا ہے خون میں نہلا دیا جاتا ہے، ابھی پشاور کے ڈاکٹروں کے زخم نہیں بھرے کہ اسلام آباد میں تاجروں پر فسطائیت برپا کر دی گئی،پیچھے بھوک ہے ، سامنے پولیس کا ڈنڈہ ہے، بے بس لوگ جائیں تو جائیں کہاں۔ ترجمان بلاول بھٹو نے کہا کہ معاشی حالات، بھوک اور افلاس سے تنگ لوگ احتجاج نہ کریں تو کدھر جائیں، ریاست مدینہ کا خواب دکھانے والوں نے قوم پر بدترین آمریت نافذ کر دی ہے۔(رڈ)

اپنا تبصرہ بھیجیں