وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے ثانوی تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے

کوئٹہ 3دسمبر :۔وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے ثانوی تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔صوبائی حکومت جام کمال خان کی قیادت میں متحد اور عوامی فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ موجودہ حکومت عوامی ترقیاتی منصوبوں کے موثر اجراء اور تکمیل کے جامع حکمت عملی پر گامزن ہے۔ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائیگا۔ عوامی فیصلوں اور نئے منصوبوں کے دورس نتائج برآمد ہونگے۔اپنے جاری کردہ ایک بیان میں صوبائی مشیر نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کی فوری حل کیلیے کوشاں ہے۔ عوامی سکیموں کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کیلیے ٹھوس منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار پی ایس ڈی پی کا ازسرنو جائزہ لیاگیا اور ناقص منصوبوں کو نکال لیاگیا۔جو حوصلہ افزا اقدام ہے۔ وزیر اعلیٰ جام کمال خان تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے قائل ہیں۔ محمد خان لہڑی نے کہا کہ اب بلوچستان کے فیصلے یہیں پر ہوتے ہیں جو صوبے اور یہاں کے عوام کیلیے نہایت خوش آئند اقدام ہے۔ ماضی کی نسبت موجودہ حکومت نے زیادہ سے زیادہ اجتماعی نوعیت کے عوامی فلاحی منصوبے شروع کیے ہیں۔ ماضی میں من پسند افراد کو نوازنے کیلیے پی ایس ڈی پی سکیمیں بنائی گئی۔ صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام دشمن پالیسیوں کو ختم کیا ہے۔ ہماری حکومت صوبے کے عوام کی خوشحالی اور ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ حکومت عوامی مینڈیٹ کا احترام لازمی سمجھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں