شام ، اسکول اور بازار پر فضائی حملے ، بچوں سمیت 20افراد جاں بحق، متعدد زخمی

دمشق:  شام میں اتحادی افواج نے اسکول اور بازار پر فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے شہر ادلب کے علاقے میں فضائی حملہ کیا گیا جس کی زد میں بازار اور اسکول بھی آگئے، حملے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔ حملے کی زد میں کردوں کے زیر تسلط ایک علاقہ بھی آگیا۔شام میں انسانی حقوق کے مبصر کا کہنا ہے کہ فضائی حملہ دو مارکیٹوں اور اسکول کے نزدیک کیا گیا، مارکیٹوں پر حملے میں 11 جب کہ اسکول پر حملے میں 9 افراد ہلاک ہوئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال کیا جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔شام کے اکثر علاقوں سے جنگجووں کا قبضہ واگزار کروا لیا گیا ہے لیکن ادلب کے قبضے کے لیے کچھ علاقوں میں اب بھی گھمسان کی جنگ جاری ہے تاہم اس میں زیادہ تر معصوم شہریوں کا جانی نقصان ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں